ارض پاک کا نام پاکستان تخلیق کرنے والے چوہدری رحمت علی کا آج ایک سو تیرواں یوم پیدائش عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔
چوہدری رحمت علی سولہ نومبر اٹھارہ سو ستانوے کو ضلع ہوشیارپور میں پیدا ہوئے۔
انہوں نے ابتدائی تعلیم اسلامیہ مدرسہ لاہور اور ایچی سن کالج سے حاصل کی۔ چوہدری رحمت علی پنجاب یونیورسٹی سے وکالت کرنے کے بعد اعلیٰ تعلیم کیلئے لندن چلے گئے۔
لندن جانے کے بعد وہ برصغیر کے مسلمانوں کے علیحدہ آزاد وطن کے قیام کیلئے کوشاں ہو گئے۔اپنے مقصد سے لگن کے باعث اکثر لوگ انہیں پمفلٹ بانٹنے والا بھی کہتے تھے۔
انیس سو تینتیس میں ایسے ہی ایک پمفلٹ ” ابھی نہیں تو کبھی نہیں” میں آپ نے پہلی مرتبہ مسلمانان ہند کے ارض پاک کیلئے لفظ ”پاکستان” استعمال کیا اور پھر قائد اعظم کی قیادت میں غیور مسلمانوں نے پاکستان کا مطلب کیا لا الہٰ اللہ کا نعرہ بلند کرکے اپنی منزل پائی۔
چوہدری رحمت علی مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا مؤقف عالمی برادری تک پہنچانے کیلئے اقوام متحدہ میں بھی آواز بلند کرتے رہے۔
رحمت علی کا انتقال تین فروری انیس سو اکیاون کو برطانیہ کے شہر کیمبرج میں ہوا۔
