فضائی روٹ کے ذریعے نیٹو سپلائی کی بحالی پارلیمنٹ کی توہین ہے، دفاع پاکستان کونسل


دفاع پاکستان کونسل نے مولانا احمد لدھیانوی، حافظ سعید اور عبد الرزاق ڈھلوں کی اسلام آباد داخلے پر پابندی کے خلاف عدالت یں جانے کا فیصلہ کر لیا، کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے نیٹو سپلائی بحال کرنے پر وزیر دفاع احمد مختار کے استعفیٰ کا مطالبہ بھی کیا ہے۔آبپارہ اسلام آباد میں کل ہونے والے دھرنے کے انتظامات کو آخری شکل دینے کیلئے دفاع پاکستان کونسل کا سربراہی اجلاس راولپنڈی میں ہوا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ مولانا احمد لدھیانوی، حافظ سعید اور عبد الرزاق ڈھلوں کی اسلام آباد داخلے پر پابندی کو کل سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ دفاع پاکستان کونسل نے بلوچستان کے حالات کے پیش نظر اپنی سرگرمیوں کا رخ کوئٹہ کی جانب موڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز افغان صدر حامد کرزئی سے ملاقات میں انہوں نے ڈرون حملوں پر بات کی۔ دفاع پاکستان کونسل کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے لگائی جانے والی پابندیاں غیر آئینی اور غیر قانونی ہیں۔ کونسل نے فضائی روٹ کے ذریعے نیٹو سپلائی بحال کرنے کو پارلیمنٹ کی توہین کے مترادف قرار دیتے ہوئے وزیر دفاع کے استعفے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

ولی بابرکیس:ملزمان پر دوبارہ فرد جرم عائد کرنے کی درخواست منظور


انسداد دہشت گردی کی عدالت نے شہید صحافی ولی خان بابر کیس کے ملزمان پر دوبارہ فرد جرم عائد کرنے کی درخواست منظور کرلی،اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ارشدچیمہ کی درخواست پرعدالت نے ملزمان کے خلاف فرد جرم میں جزوی ترمیم منظور کرلی،عدالت 27 فروری کو تمام گرفتار ملزمان پر دوبارہ فرد جرم عائد کی جائے گی، ملزمان شاہ رخ، نوید پولکا، فیصل محمدونفسیاتی، علی رضوی و دیگر عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے شہید ولی بابر کے بھائی کی درخواست پرملزمان کو 27 فروری کو پیش کرنے کا حکم، دیا ہے۔

انگلینڈ کیخلاف پاکستان کو کلین سوئپ کے خطرے کا سامنا


پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کیا۔ لیکن تین صفر کے خسارے کے بعد مصباح الحق الیون کو اب ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کا سامنا ہے۔

اتوار کو قومی کرکٹ ٹیم نے آرام کیا۔ جبکہ انتظامیہ نے ٹیم میٹنگ میں تینوں میچز میں ناکامی کا تجزیہ کرتے ہوئے آخری ون ڈے جیتنے کے لئے منصوبہ بندی کی۔ کپتان مصباح الحق نے کہا کہ مسلسل ہوم سیریز بیرون ملک کھیلنے کے باعث کھلاڑی گھر سے دوری سے پریشان ہیں۔

منیجر نوید اکرم چیمہ نے بتایا کہ یونس خان سے صحت یاب ہوگئے ہیں۔ وہ آخری ون ڈے کیلئے دستیاب ہونگے۔ جبکہ اوپنر عمران فرحت گروئن انجری کا شکار ہیں انکے کھیلنے کا بہت کم امکان ہے۔ انگلینڈ کے کپتان ایلسٹر کک نے کلین سوئپ مکمل کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

اسلام آباد: دفاع پاکستان جلسے میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک


اسلام آباد میں دفاع پاکستان کانسل کے جلسے کا انعقاد آبپارہ چوک پر کیا جا رہا ہے۔ جلسے میں شرکت کے لئے مختلف شہروں سے قافلے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔

دفاع پاکستان جلسے کا مقصد پاکستان کی جانب سے بند کی گئی نیٹو سپلائی کے حوالے سے دھرنا دینا ہے اور نیٹو سپلائی کی دوبارہ بحالی سے روکنا ہے۔

آبپارہ چوک پر منعقدہ جلسے میں حکومتی پابندی کے مدنظر حفظ محمد سعید، محمد احمد لدھیانوی اور قادر حیسن بھلو شریک نہیں ہورہے۔ دفاع پاکستان کونسل میں شرکا کے لئے دس ہزار سے زائد کرسیاں لگائی گئیں ہیں۔

ڈیو واٹمورایشیا کپ سے قومی کرکٹ ٹیم کی ذمہ داری سنبھالیں گے


آسٹریلوی نژاد ڈیو واٹمور آئندہ ماہ بنگلہ دیش میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ سے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سنبھال لیں گے۔ واٹمور یکم مارچ کو پاکستان پہنچ کر بورڈ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق ڈیو واٹمور اور جولین فائونٹین انگلینڈ کے خلاف جاری سیریز کے بعد محسن خان اور اعجاز احمد کی جگہ ہیڈ کوچ اور فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داری سنبھال لیں گے۔

ستاون سالہ ڈیو واٹمور کی کوچنگ میں سری لنکا نے انیس سو چھیانوے کا ورلڈ کپ جیتا تھا اور بنگلہ دیش نے پہلی بار آسٹریلیا، بھارت اور جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی۔ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے لئے پروفیشنل کوچز کی تقرری کے فیصلے کے تحت ڈیو واٹمور اور جولین فونٹین ایشیا کپ سے ٹیم کا چارج سنبھال لیں گے۔

کراچی :فائرنگ کے واقعات میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے


کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ سے دو افراد شدید زخمی ہوگئے جس میں سے ایک زخمی نے عباسی شہید اسپتال میں دم توڑ دیا۔ جبکہ اسی علاقے میں فائرنگ کے ایک اور واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ کریم آباد اور سہراب گوٹھ میں بھی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔

میراکی اونچی اڑان، پائلٹ کا دل مٹھی میں لے لیا


آخر کارمیراکو پتی مل ہی گیا۔ میرا پائلٹ نوید شہزاد سے بیاہ رچائیں گی، دیوانوں کا انتظار مایوسی میں بدل گیا۔ لالی ووڈ کوئین میرا نے پیا گھر سدھار نے کا فیصلہ کرلیا، مگر میرا کی اونچی اڑان دیکھئے، اپنی ادائوں سے آسمان کی بلندیوں کو چھوتے پائلٹ کا دل مٹھی میں کرلیا۔ ریما کی دیکھا دیکھی انھوں نے بھی شادی کا فیصلہ کیا ہے۔

امریکی نژاد پاکستانی نوید شہزاد اور میرا کی آنکھ مچولی تین سال سے جاری تھی جسے اب باقاعدہ رشتے میں بدلنے کا وقت آگیا ہے میرا اس رشتے پر بہت خوش ہیں۔ کہتی ہیں پہلی نظرمیں نوید کودل دے بیٹھی تھی۔ اس رشتے کو پکا کرنے اور بہو رانی کی جھلک دیکھنے سسرالی امریکا سے خاص طور پر آئے ہیں۔ جبکہ میرا کی والدہ لندن سے آرہی ہیں۔

چھیل چھبیلی، رنگ رنگیلی میراجی کا کہنا ہے کہ منگنی کی باقاعدہ رسم بعد میں ہوگی، جس میں وہ اپنے پاکستانی دوستوں کے علاوہ بھارتی دوستوں کو بھی مدعو کریں گی میرا کا بیوی بننے کا خواب پورا ہونے کو ہے۔ میرا کی پلاننگ ہے کہ شادی کے بعد اپنی ہوم پروڈکشن فلم پر کام شرو ع کریں گی۔

کراچی: بھرپور استقبال نہ ہونے پرباراتی ناراض، 4 افراد زخمی


کراچی کے علاقے لنڈی کوتل میں شادی کی تقریب میں بھر پور استقبالیہ نہ ملنے پر باراتیوں نے دلہن والوں پر فائرنگ اور ڈنڈوں سے برسات کردی جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔

ایس ایچ او تیموریہ کمال رضوی کے مطابق نعمان اور شمائلہ کا نکاح دو سال قبل ہوا تھا جبکہ گزشتہ روز رخصتی کے موقع پر استقبالیہ بھر پور نہ ملنے کے باعث باراتیوں نے رخصتی لینے سے انکار کرتے ہوئے دلہن والوں سے جھگڑا شروع کردیا۔

جھگڑا اتنا شدت اختیار کر گیا کہ بات فائرنگ اور ڈنڈوں تک پہنچ گئیجس کے نتیجے میں فائرنگ سے خاتون سمیت دو افراد جبکہ ڈنڈوں کی مار سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس نے دلہن کے والد سمیت چار افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

اداکارہ تمنا بیگم طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں


پاکستانی فلموں اور ڈراموں کی معروف اداکارہ تمنا بیگم کراچی میں طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں۔ تمنا بیگم کافی عرصے سے گردے کے عارضے میں مبتلا تھیں اور کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔

تمنا بیگم کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر فاروق اعظم مسجد سخی حسن میں ادا کی جائے گی۔ تمنا بیگم نے کئی پاکستانی فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ انہوں نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز سترکی دہائی میں کیا۔ انہوں نے انیس سو اسی اور نوے کے دہائی میں کئی مقبول ڈراموں اور فلموں میں بھی کام کیا۔

حافظ سعید ،خادم ڈھلوں اور احمد لدھیانوی کی اسلام آباد میں گرفتار ی کاامکان


وفاقی دار الحکومت کی انتظامیہ کی جانب سے دفاع پاکستان کونسل کے رہنماؤں حافظ سعید، خادم ڈھلوں اور احمد لدھیانوی کے اسلام آباد داخلے پر پابندی عائد ہے جنہیں اسلام آباد داخل ہوتےہی گرفتارکئے جانےکا امکان ہے۔

وفاقی دار الحکومت کی انتظامیہ نے دفاٰع پاکستان کونسل کے رہنماؤں حافظ سعید، خادم ڈھلوں اور احمد لدھیانوی کے اسلام آباد داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے جبکہ کونسل کے آج کے دھرنے کے پیش نظر وفاقی پولیس نے تینوں رہنماؤں کو اسلام آباد میں داخلے سے روکنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں ،،ذرائع کے مطابق تینوں رہنماؤں کی تصاویر ناکوں پر مو جود اہلکاروں کے علاوہ فالکن اور ایگل سکواڈ کو بھی دے دی گئی ہیں۔ ان رہنماؤں کی اسلام آباد میں داخل ہوتے ہی گرفتاری کے احکامات دے دئیے گئے ہیں۔