کرینہ اپنی شادی میں شاہد کپور کو بھی بلائیں گی


بالی ووڈ ہیروئن کرینہ کپور نے اپنی شادی میں سابق دوست شاہد کپور کو بھی مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ممبئی میں میڈیا ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہےکہ ضیافت میں مدعوئین کی فہرست میں شاہد کپور کا نام بھی شامل ہے۔

سیف علی خان نے بھی ا س کی تصدیق کی ہے. شادی کی تقریب 16 اکتوبر کو ریاست پٹودی میں ہوگی جس کے بعد سیف اور کرینہ ممبئی کے ہوٹل میں شاندار ضیافت دیں گے جس میں بالی وڈ کے سٹارز اور اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ کرینہ اور شاہد ماضی میں قریبی دوست رہے ہیں۔ اس دوران ان کی شادی کی خبریں بھی گردش کرتی رہیں ۔

پنجاب حکومت نے حافظ سعید کی رہائش گاہ سے اضافی سیکیورٹی ہٹالی


نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف دفاع پاکستان کونسل کے لاہور میں لگائے گئے احتجاجی کیمپ انتظامیہ نے اکھاڑ ڈالے۔ پنجاب حکومت نے جماعت الدعوہ کے امیرحافظ سعید کی رہائش گاہ سے اضافی سیکیورٹی بھی ہٹالی ہے۔

دفاع پاکستان کونسل کی جانب سے نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف لاہور میں مسجد شہدا اور پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی کیمپ لگائے گئے، جسے انتظامیہ نے اکھاڑ ڈالا ۔ دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق کا کہنا ہے کہ ایسے ہتھکنڈے کارکنوں کو نیٹو سپلائی کے خلاف لانگ مارچ سے نہیں روک سکتے ۔ ادھر حافظ محمد سعید کی رہائش گاہ سے حکومت پنجاب کی ہدایت پر ایلیٹ فورس اور پولیس کے اضافی اہلکاروں کو واپس بلا لیا گیا ہے ۔

میرا نے ایک لاکھ پاوٴنڈ ٹھگ لئے،لندن کی پاکستانی ڈاکٹر کا الزام


اداکارہ میرا کی اسکینڈل فائل میں ایک اور پرچہ لگ گیا۔اب کی بار یہ کیس آیا ہے سمندر پار لندن سے، وہاں رہنے والی پاکستانی ڈاکٹر ثمیرہ نے میرا پر الزام لگایا ہے کہ وہ ان کے ایک لاکھ پاوٴنڈ پر ہاتھ صاف کر گئیں۔لندن میں رہنے والی پاکستانی ڈاکٹر ثمیرہ کے مطابق میرا کی سوتیلی بہن شائستہ عباس لندن میں ایم بی اے کررہی ہیں ، اور انکے بھائی سہیل علی کی کلاس فیلو تھیں ۔ دونوں کی دوستی ہو گئی اور بات شادی تک پہنچ گئی۔ شادی کی بات چیت کے دوران میر ا انکے گھر بھی آتی جاتی رہیں۔ اسی دوران ایک بار میرا نے ان سے پچاس ہزار پاوٴنڈ مانگ لیے اور کہا جیسے ہی ان کا ایک چیک کلیئر ہوالوٹا دیں گی۔چند دن بعد میرا نے ایک اور بہانے سے مزید 50 ہزار پانڈ مانگے۔لیکن وہ دن اور آج۔ شائستہ نے بھی سہیل سے تعلق ختم کرلیا۔ثمیرہ کہتی ہیں دو سال سے میرا سے رابطہ کرنے کی کوشش کررہی ہیں لیکن وہ کبھی فون نہیں اٹھاتیں اور کبھی رانگ نمبر کہ کر فون کاٹ دیتی ہیں۔اس بارے میں اداکارہ میر ا سے بار ہا رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن ان کا نمبر بند جا رہا ہے۔

فرح خان نے6 سال بعد اجے دیوگن سے معافی مانگ لی


بالی ووڈپروڈیوسراورکوریوگرافر فرح خان کو اجے دیوگن سے چھ سال بعد معافی مانگنا یاد آگیا۔ بالی ووڈ کی فرح خان اور ان کی زبان ہمیشہ تو بہ کراتی ہے۔ ا

ب کی بار فرح کو یاد آئی اپنی بدزبانی صرف اس لئے کہ اجے دیوگن ان کے بھائی ساجد خان کی فلم ہمت والا میں کام کررہے ہیں۔ جب فرح کو اجے کے ساتھ فلم میں کوریوگرافی کروانی پڑی تو انھوں نے فوراچھ سال پرانے واقعہ پر معافی مانگ لی۔ جس میں فرح نے اجے کو بلاوجہ زیادہ معاوضہ لینے والا اداکارکہہ دیا تھا۔

پی آئی اے کی تین ماہ میں 4ہزار پروازیں تاخیر کا شکار


قومی اسمبلی کو بتایاگیا ہے کہ پی آئی اے کی 38 فیصد پروازیں تاخیر کا شکار ہورہی ہیں ۔ قومی اسمبلی میں آج وزارت دفاع نے ایوان کو بتایاکہ گزشتہ 3 ماہ میں پی آئی اے کی 38 فیصد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، 3 ماہ میں کل 12 ہزار 184 پروازیں ہوئیں، 4345 تاخیر کا شکار رہیں۔ اس کے علاوہ ایوان کو تحریری جواب میں موجودہ حکومت کی طرف سے سینئر وکلاء کو سپریم کورٹ میں اہم نوعیت کے سرکاری مقدمات کی پیروی کیلئے ادا کی گئی فیس کی تفصیلات پیش کیں گئیں جن کے مطابق بابراعوان کو این آر او سمیت پانچ کیسز میں 2 کروڑ 42 لاکھ روپیہ ، حفیظ پیرزادہ کو مختلف کیسز میں 76 لاکھ روپے اور وسیم سجاد کو 18ویں ترمیم کیس سمیت دیگر مقدمات میں 59 لاکھ دئے گئے۔

لاہور میں طبی امداد نہ ملنے سے خاتون چل بسی


پنجاب کے ینگ ڈاکٹرز پچھلے انیس دنوں سے ہڑتال پر ہیں۔ ہڑتال اور طبی امداد نہ ملنے کے باعث آج ایک خاتون چل بسی جبکہ چار گرفتار ینگ ڈاکٹرزلاہور کی عدالت میں پیش ہوگئے۔لاہورہائی کورٹ نے دو بجے تک ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے اہم عہدیداروں کو طلب کر لیاہے۔

سسکتے مریض دیکھنے کے باوجود ہڑتالی پتھر دل بنے رہے۔ لاہور کے سروسز اسپتال میں طبی امداد نہ ملنے پر ایک اور مریضہ چل بسی۔حکومتی دعووٴں، سینئر اور بھرتی ہونے والے ڈاکٹروں کی موجودگی کے باوجود ایمرجنسی میں کام بری طرح متاثر اور مریض شدید پریشان ہیں۔

پنجاب میں ینگ ڈاکٹرز نے کئی روز سے جاری ہڑتال ختم تو کی لیکن علامتی۔ جس کا غریبوں کا کیا فائدہ۔ینگ ڈاکٹرز نے مطالبات کی منظوری تک لاہور، ملتان اور فیصل آبادانسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجیز کے علاوہ دیگر اسپتالوں کی ایمرجنسیز اور آوٹ ڈورز میں کام چھوڑ رکھا ہے۔

ہڑتالی ڈاکٹروں کی ہٹ دھرمی نے لاہور میں مزید ایک مریض کی جان لے لی۔ سروسز اسپتال میں مریضہ تڑپتی رہی لیکن اْس کیلئے کوئی مسیحا نہ آیا اور تڑپ تڑپ کر خاتون نے جان دے دی۔ اس سب کے باوجود پنجاب حکومت اپنی ضد پر اڑی ہوئی ہے۔

حکومتی ترجمان کا کہناہے تمام نظر بند ینگ ڈاکٹرز رہا کردیئے لیکن ننھے فہدکے قتل کے الزام میں گرفتار چار ڈاکٹروں کی رہائی مدعی کے بیان پرہی ہوسکے گی۔ ترجمان نے دعویٰ کیا کہ اسپتالوں میں صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔

کراچی: قیمتی مورتیاں، نوادرات اور مجسمے برآمد، 2ملزم گرفتار


کراچی پولیس نے قیمتی مورتیوں، نوادرات اور مجسموں کی اسمگلنگ ناکام بنا دی جبکہ دو ملز موں کو گرفتار کر لیا گیا۔

کراچی کے علاقے عوامی کالونی میں پولیس نے ایک کنٹینر کو روک کر تلاشی لی جس میں سے سیکڑوں سال پرانے نوادرات، قیمتی مجسمے اور مورتیاں برآمد ہوئیں۔پولیس نے کنٹینر تحویل میں لے کر دو ملزمان قاسم اور عاصم کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نوادرات اور مورتیاں کئی سو برس قدیم ہیں جن میں کچھ نوادرات ڈھائی سو سال پرانے بھی ہیں۔ملزمان قیمتی نوادرات کراچی سے ملتان اور سیالکوٹ منتقل کر رہے تھےجہاں سے مبینہ طور پر ان نوادرات کو بیرون ملک اسمگل کیا جانا تھا۔پولیس نےنوادرات سے بھرے کنٹینر کو عوامی کالونی تھانے منتقل کر دیا ہے۔

مختلف علاقوں میں آج سے مون سون شروع ہونے کا امکان


کراچی سمیت مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔ ملک کے دیگر علاقوں میں آج سے مون سون شروع ہونے کا امکان ہے ۔پنجاب میں گرمی تاحال زوروں پر ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ بارہ گھنٹے میں سب سے زیادہ بارش گڑھی ڈوپٹہ میں 10 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ ژوب میں 4، کوٹلی میں 2، کراچی اور جہلم میں ہلکی بارش ہوئی۔ کراچی میں بارش سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔ ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد ، سائٹ اور گلستان جوہر کے کچھ علاقوں میں بھی پھوار پڑی۔ ناظم آباد میں پھسلن سے کئی موٹر سائیکل گرگئے۔ صبح 6 بجے سب سے زیادہ درجہ حرارت لاہور، پشاور اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اسلام آباد، کراچی اور سکھر میں 29 ڈگری رہا جبکہ چترال میں 19، قلات میں 17 اور گلگت میں 10 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطا بق آئندہ بارہ گھنٹے کے دوران لاہور سمیت بالا ئی پنجاب، بالا ئی خیبر پختو نخوا بالائی سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔

قومی اسمبلی کا فوزیہ وہاب کو خراج تحسین


قومی اسمبلی میں فوزیہ وہاب کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ جمہوریت کیلئے خدمات پر مرحومہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ سپیکر نے وزیر اعظم کی نشست کے گرد جمع ہونے والے اراکین کو جھاڑ پلا دی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکرفہمیدہ مرزا کی زیرصدارت ہوا ،اجلاس میں فوزیہ وہاب کی جگہ پیپلزپارٹی کی مخصوص نشست پر منتخب ہونے والی رکن شازیہ مری نے حلف اٹھایا ،جس کے بعد مرحومہ فوزیہ وہاب کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے بعد اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔ سپیکر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ فوزیہ وہاب کی موت نے سسٹم میں بہت سی خرابیوں کی نشاندہی کی ہے۔ سرجن کی عمرکی بھی حد مقرر ہونی چاہیے۔ وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ فوزیہ وہاب نے ہمیشہ جمہوریت کےلیے جدوجہد کی جن کی وفات سے ہم ایک بہادراورفعال لیڈر سے محروم ہوگئے ہیں ۔ سعد رفیق نے کہا کہ فوزیہ وہاب بہادراورمخلص خاتون تھیں جنہوں نے پرویز مشرف کے خلاف بھی جدوجہد کی۔ بشری گوہر نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے فوزیہ وہاب کی خدمات کوپوری طرح تسلیم نہیں کیا۔ ان کے علاج میں غفلت کی انکوائری رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے۔ عبدالقادرپٹیل کا کہنا تھا کہ فوزیہ وہاب کی وفات کی وجوہات کی تحقیقات کےلیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے۔ یاسمین رحمان اور خورشید شاہ نے بھی فوزیہ وہاب کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ ایک موقع پر ایوان میں وزیر اعظم پرویز اشرف کی نشست کے گرد اراکین کا رش ہو گیا جس پر سپیکر نے اراکین کو جھاڑ پلا دی۔ ان کا کہنا تھا کہ جو وزیر اعظم سے ملنا چاہتا ہے ان کے چیمبر میں جا کر ملے ۔قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام پانچ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

قومی اسمبلی کااجلاس جاری، شازیہ مری نے حلف اٹھالیا


قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے جبکہ شازیہ مری نے حال ہی میں انتقال کرجانے والی رکن اسمبلی فوزیہ وہاب کی جگہ رکن کی حیثیت سے حلف اٹھالیا ہے۔ ادھر دہری شہریت اور توہین عدالت سے متعلق ترمیم کا بل ایوان میں پیش کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔۔۔ مگر مسلم لیگ ن اور اے این پی کی مخالفت کا سامنا ہے۔۔چوہدری نثار کہتے ہیں کہ حکومت ذاتی مفادات کا تحفظ کرنا چاہتی ہے۔

اے این پی کے رہنماحاجی عدیل کا کہنا ہے کہ صدر، وزیر اعظم ، گورنر، وزرااعلیٰ سمیت، اعلی عہدوں پر فائز افسران سو فیصد پاکستانی ہونے چا ہئیں۔۔گریڈ بیس سے اوپر کے ملازمین کو دہری شہریت یا ملازمت میں سے کسی ایک کا انتخاب کر نا چاہیے۔۔حاجی عدیل کا کہنا تھا کہ دہری شہریت کی اجازت دے دی گئی تو منصور اعجاز بھی وزیر اعظم بن سکتے ہیں۔

Follow

Get every new post delivered to your Inbox.

Join 5,068 other followers