کل موبائل فون سروس کی بندش کا خدشہ

کل موبائل فون سروس کی بندش کا خدشہ

تین جنوری کو چہلم امام حسین کے موقع پر ملک کے تریپن شہروں میں موبائل فون سروس بند کئے جانے کا خدشہ ہے۔

ڈان نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ چاروں صوبوں کے تریپن شہروں میں تین جنوری کی صبح سات بجے سے رات گیارہ بجے تک موبائل فون اور وائر لیس سروس بند رہے گی۔

پنجاب کے بارہ، سندھ کے اٹھارہ، بلوچستان کے سات جبکہ خیبرپختونخواہ کے سولہ شہروں میں سروس معطل کی جاسکتی ہے۔

اس حوالے سے چاروں صوبوں سے مشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔

پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کے احکامات ملتے ہی سروس بند کروا دی جائے گی۔

اس سے قبل نو اور دس محرم کو بھی سیکورٹی خدشات کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں سروس صبح چھ بجے سے رات دس بجے تک معطل رہی تھی۔

دوسری جانب، پنجاب حکومت نے سیکورٹی خدشات کی وجہ سے لاہور میں آج رات بارہ بجے سے ڈبل سواری پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت چہلم حضرت امام حسن کے موقع پر سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیر اعلٰی نے ہدایات جاری کیں کہ اس موقع پر صوبے بھر میں فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کیے جائیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی

Leave a comment