تصویر

پاکستان کی معروف اداکارہ لیلی کو مشرقی صوبے پنجاب کے شہر ملتان میں ایک مقامی ہوٹل سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ان کے خلاف ملتان کے تھانہ کینٹ اسٹیشن میں دو برس قبل رقم کی لین دین کے تنازع میں مقدمہ درج کیا تھا۔

مقدمے کے مدعی شیخ نعیم نامی پروڈیوسر ہیں جنہوں نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ لیلی نے انہیں جعلی چیک دیا تھا جو کہ باؤنس ہوگیا۔

ملتان پولیس نے اداکارہ لیلی کو اس وقت حراست میں لیا جب وہ ایک مقامی ہوٹل میں موجود تھیں۔

لیلی کو تھانہ کینٹ اسٹیشن منتقل کردیا گیا جہاں ان سے تفتیش کی گئی۔

گرفتاری کے بعد اداکارہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شیخ نعیم کو کوئی چیک نہیں دیا اور مذکورہ چیک پر جو دستخط ہیں وہ بھی ان کے نہیں۔

پولیس نے مدعی مقدمے کو بھی تھانہ طلب کرلیا۔

ادکارہ لیلی کی گرفتاری کی خبر ملتے ہیں تھانہ کینٹ اسٹیشن میں لوگوں کا رش لگ گیا۔

پولیس نے مدعی مقدمہ اور اداکارہ کو موقع فراہم کیا کہ وہ آپس میں تصفیہ کرلیں بصورت دیگر کارروائی آگے بڑھائی جائے گی جس کے بعد دونوں میں معاملات طے ہونے پر لیلی کو رہا کردیا گیا۔