راولپنڈی ایئرپورٹ سے اسلحہ سمیت گرفتار غیر ملکی امریکی فوج کا میجر نکلاایئر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے بے نظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے امریکی فوج کے میجر کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔
اے ایس ایف نے راولپنڈی ایئرپورٹ سے براستہ ابو ظہبی امریکا جانے والے غیر ملکی شخص کو حراست میں لیا جس کے سامان سے ایک 9 ایم ایم پستول اور 15 گولیاں برآمد ہوئیں۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص کی شناخت امریکی فوج کے میجر ولیم جونز کے نام سے ہوئی ہے۔ گرفتاری کے موقع پر اے ایس ایف اور پولیس حکام نے صحافیوں کو امریکی فوجی کی تصاویر لینے سے روک دیا ہے۔
امریکی فوجی کو تھانہ ایئر پورٹ منتقل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ اے ایس ایف حکام کا کہنا ہے کہ امریکی سفارت خانے کے ملازم کی جانب سے اسلحہ سمیت سفر کرنے کی کوشش کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ امریکی شہری گولیوں سے بھرے پستول کے ساتھ ایئرپورٹ کیوں آیا۔ دوسری جانب امریکی سفارت خانہ اپنے فوجی کو رہا کروانے کے لئے متحرک ہو گیا ہے اور سفارت خانے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ولیم جونز کی گرفتاری کا علم ہے اور اس حوالے سے متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
واضح رہے کہ 2 ماہ قبل کراچی ایئر پورٹ سے بھی ایف بی آئی کے ایک ایجنٹ جوئیل کاکس کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا تھا لیکن امریکی حکومت کے دباؤ پر معمولی کارروائی کے بعد اسے رہا کر دیا گیا تھا۔