داعش کا امریکی صحافی کے بدلے عافیہ کی رہائی کا مطالبہ تھا، امریکی اخبارامریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ داعش جنگجوؤں نے مقتول امریکی صحافی جیمز فولی کے بدلے عافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ چک ہیگل نے داعش کو امریکا کے لئے سب سے بڑا خطرہ قرار دے دیا۔
امریکی اخبارگلوبل پوسٹ نے داعش کی جانب سے مقتول صحافی کے والدین کو بارہ اگست کو بھیجی گئی آخری ای میل شائع کی ہے۔ ای میل کے مطابق شدت پسند تنظیم داعش نے امریکی صحافی جیمز فولی کی رہائی کے لئے پاکستانی شہری ڈاکٹر عافیہ صدیقی سمیت دوسرے مسلمان قیدیوں کی رہائی اورایک سو بتیس ملین ڈالرتاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ تاوان کی عدم ادائیگی پر امریکی صحافی کو قتل کردیا گیا۔ محکمہ خارجہ کی ترجمان میری ہاف کا کہنا ہے کہ ہم تاوان ادا نہیں کرتے۔ جیمز فولی کے قتل کی ویڈیو میں شدت پسندوں نے فضائی حملے نہ روکنے کی صورت میں ایک اور امریکی مغوی رپورٹر کو قتل کرنے کی دھمکی کی ہے۔ امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے کہا ہے کہ آج تک امریکہ کو جتنے بھی خطروں کا سامنا کرنا پڑا، شدت پسند گروپ دولت اسلامیہ، ان میں سب سے بڑا خطرہ ہے جو لمبے عرصہ کے لئے ہے اور اسے شام اور عراق دونوں جگہوں پر لازمی طور پر شکست دینا ہوگی۔