پاکستان فتح سے چند قدم دورانگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم فتح کے دہانے پر پہنچ گئی ہے اور اسے میچ میں کامیابی کیلئے محض چار وکٹیں درکار ہیں.

دبئی میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری دن انگلینڈ نے 130 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگ دوبارہ شروع کی تو جو روٹ اور جونی بیئراسٹو وکٹ پر موجود تھے.

دونوں کھلاڑیوں نے اپنی شراکت کو بڑھاتے ہوئے ٹیم کے 150 رنز مکمل کرائے تاہم اس سے قبل کہ یہ شراکت پاکستانی ٹیم کیلئے مزید خطرناک ثابت ہوتی، ذوالفقار بابر نے 71 رنز بنانے والے روٹ کو یونس خان کی مدد سے قابو کر لیا.

بیئراسٹو سے بھی ساتھی کھلاڑی کی جدائی برداشت نہ ہو سکی اور وہ بھی مجموعی اسکور میں چھ رنز کے اجافے سے پویلین لوٹ گئے.

جوز بٹلر کا بھی وکٹ پر قیام محض سات رنز تک محدود رہا اور اننگ میں یاسر شاہ کی تیسری وکٹ بنے.

جب کھانے کا وقفہ ہوا تو انگلینڈ نے چھ وکٹ پر 187 رنز بنائے تھے، عادل راشد اور بین اسٹوکس وکٹ پر موجود تھے.

انگلینڈ کو میچ میں فتح کیلئے مزید 304 رنز درکار ہیں جبکہ پاکستان کو سیریز میں پہلی فتح اپنے نام کرنے کیلئے چار وکٹوں کی ضرورت ہے.

واضح رہے کہ ابوظہبی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرامائی انداز میں ڈرا پر منتج ہوا تھا.