سندھ پولیس کا کراچی میں انسداد پولیو مہم کے لیے سیکیورٹی دینے سے انکار آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے انسداد پولیو مہم کے لیے سیکورٹی دینے سے انکار کردیا جس کے بعد شہر میں پولیو مہم منسوخ کردی گئی ہے۔
کراچی کے علاقے گلبرگ کی 22 یونین کونسلوں میں 4 روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہونا تھا جو جو آئی جی سندھ کی جانب سے سیکیورٹی کے لیے پولیس اہلکاروں کی فراہمی سے معذرت پر منسوخ کردی گئی۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے انسداد پولیو مہم کے حکام کو بتایا کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پولیس کی نفری لاڑکانہ اور سکھر بھیجی گئی ہے جس کے باعث نفری کی کمی کا سامنا ہے۔
صوبائی انسداد پولیو مہم کے انچارج عثمان چاچڑ نے پولیس کی سیکیورٹی نہ ملنے کی صورت میں پولیو مہم چلانے سے انکار کردیا ہے جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے آئی جی سندھ کو پولیو مہم کی سیکیورٹی کے لیے 3 ہزار اہلکار فراہم کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مریم نامی 18ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق کے بعد کراچی کے علاقے گلبرگ میں خصوصی پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔