ریحام سے علیحدگی میرے اور خاندان کیلئے تکلیف دہ ہے ، عمران خانتحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ریحام خان سے علیحدگی کو اپنے لیے مشکل ترین وقت قرار دیا اور اس معاملے پر تمام لوگوں سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی درخواست کی۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ریحام خان سے علیحدگی میرے اور میرے خاندان کے لیے بہت تکلیف دہ وقت ہے ، میری تمام لوگوں سے درخواست ہے کہ وہ ہماری عزت اور انفرادیت کو ملحوظ خاطر رکھیں۔

انھوں نے لکھا کہ میرے دل میں ریحام خان کے لیے بہت عزت اور قدر ہے ، میں ان کی پیشہ وارانہ وابستگی اور لگن کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے طلاق کے معاملے پر ریحام خان کے ساتھ رقم اور اثاثوں کی طے بندی کی خبروں کو انتہائی شرمناک اور قابل افسوس قرار دیا۔