مودی کی سری نگر آمد سے قبل قابض بھارتی فورسز کا حریت رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤنبھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی متوقع سری نگر آمد پر قابض بھارتی فورسز نے حریت رہنماؤں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کرتے ہوئے کشمیری رہنماؤں کو گرفتار اور گھروں میں نظر بند کرنا شروع کردیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے مودی کی سری نگر آمد کے موقع پر حریت رہنماؤں کی جانب سے ملین مارچ کے اعلان کے بعد برزگ حریت رہنما سید علی گیلانی کو گھر میں نظر بند جب کہ یاسین ملک اور شبیر شاہ سمیت دیگر اہم رہنماؤں کو حراست میں لے لیا ہے۔
دوسری جانب بھارتی فورسز نے مقبوضہ وادی میں سیکیورٹی کی آڑ میں نہتے اور بے گناہ افراد کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی شروع کردیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے 7 نومبر کو سری نگر کا دورہ کرنا ہے اور اس موقع پر حریت رہنماؤں نے ملین مارچ کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔