بہائو الدین ذکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس کے طلبا نے ڈگریاں نہ ملنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کینال روڈ پر دھرنا دے دیا ۔ پولیس کے ساتھ دھکم پیل ، ٹریفک جام سے شہری شدید پریشان ۔ بی زیڈ یو لاہور کیمپس میں میڈیکل اور انجینئرنگ کے طلبا ڈگریاں نہ ملنے کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے ، طلبا و طالبات نے احتجاج شروع کیا تو پولیس نے کیمپس کو گھیرے میں لے لیا ۔ پولیس کے ساتھ طویل مذاکرات اور دھکم پیل کے بعد طلبا سڑک پر آنے میں کامیاب ہوگئے ۔ طلبا نے کینال روڈ پر دھرنا دے دیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ فزیو تھراپی اور انجینئرنگ کے طبا کی ڈگریوں کو تسلیم نہیں کیا جا رہا جس کی وجہ سے ان کا مستقبل تاریک ہو رہا ہے ۔ مظاہرین طلبا کے دھرنے کے باعث کینال روڈ پر ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کاسامنا کرنا پڑا ۔