بے نظیر بھٹو کے سابق پروٹوکول افسر نےدعویٰ کیا ہے کہ سیکیورٹی کاررواں سے پاکستان پیپلز پارٹی کی سابق سربراہ بے نظیر بھٹو  کی گاڑی کو الگ کرنے  میں بابر اعوان اور رحمان ملک نے  اہم کردارادا کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے مزید انویسٹی گیشن کی جائے کہ ان لوگوں نے ایسا کیوں کیا۔

سابق پروٹوکول افسر کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو اگر سیکیورٹی کاررواں میں ہوتیں تو یہ واقعہ نہیں ہوتا۔

سابق پروٹوکول افسر کا کہنا تھا کہ جنرل بابر نے بیت اللہ محسود سے بے نظیر بھٹو کی بات بھی کرائی ، بات چیت میں بیت اللہ محسود کا کہنا تھا کہ وہ عورتوں اور بچوں کو نہیں مارتے۔

واضح رہے کہ بے نظیر بھٹو کو ستائیس دسمبر دوہزار سات میں خودکش حملے میں شہید کردیا گیا تھا، وہ لیاقت باغ میں جلسے سے واپس روانہ ہورہی تھیں جب یہ سانحہ رونما ہوا۔ تاہم تاحال اس حوالے سے ملزمان کا تعین نہیں ہوسکا ہے اور یہ قتل ابھی تک معمہ بنا ہوا ہے