تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر اظہر جدون پر نوجوان نے بھری تقریب میں تھپڑوں اور مکوں کی بارش کردی۔

پی ٹی آئی کے ایم این اے ڈاکٹر اظہر جدون ایبٹ آباد میں صحت کا انصاف پروگرام میں شریک تھے جس میں صوبائی وزیر صحت شہرام خان ترکئی بھی موجود تھے، پروگرام جاری تھا کہ ایک نوجوان اچانک اسٹیج پر چڑھ گیا اور ڈاکٹر اظہر جدون پر تھپڑوں اور مکوں کی بارش کردی جسے قریب ہی موجود پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر گرفتار کر لیا۔

پولیس نے نوجوان کو گرفتار کر کے تھانہ کینٹ ایبٹ آباد منتقل کر دیا جہاں اس سے تفتیش جاری ہے۔ نوجوان کا موقف ہے کہ آج سے ایک ہفتہ قبل اس کے ایک قریبی رشتہ دار جو پیشے کے اعتبار سے فوجی جنرل ہیں، ان پر ڈاکٹر اظہر جدون کے حامیوں نے ایک جنازے کے دوران حملہ کیا تھا اور اسی کا بدلہ چکانے کے لئے آج یہ قدم اٹھایا۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر اظہر جدون عام انتخابات کے دوران این اے 17 ایبٹ آباد سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر ایم این اے منتخب ہوئے تھے۔