لیاری کے علاقے کھڈہ مارکیٹ کی رہائشی عمارت میں میں رات گئے آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں تین بچے جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری میں کھڈہ مارکیٹ کی رہائشی عمارت میں میں رات گئے اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ آگ کچرے میں لگی تھی، جس نے فلیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ لگنے کے بعد دھواں بھرنے کے باعث تین بچوں سمیت پانچ افراد کی حالت غیر ہوگئی، جنھیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دوران علاج تین بچے جن میں آمنہ،عزیز اللہ اور آعلیان جاں بحق ہوگئے جبکہ والد عمیر اور والدہ شاہمین تاحال زیر علاج ہیں۔


علاقہ مکینوں کے مطابق فائر بریگیڈ کا عملہ تاخیر سے پہنچا اور علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت متاثرہ فلیٹ کے رہائشیوں کو ریسکیو کیا تاہم فائر بریگیڈ کے عملے نے آدھے گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا تاہم آگ لگنے کے باعث فلیٹ میں رکھا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔